بنیادی صفحہ / اہم ترین / خشک سالی کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے,محمد صادق سنجرانی

خشک سالی کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے,محمد صادق سنجرانی

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں بڑھتی ہوئی خشک سالی کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے اور لوگ اندرون صوبہ ایک جگہ سے دوسری جگہ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ سماجی تنظیمیں ، حکومتی مشینری اور فلاحی اداروں کی معاونت سے ایسے علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثنا جمالی کی سربراہی میں قومی وبین الاقوامی فلاحی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اجتماعی مسئلہ ہے اور اس کیلئے مل کر کوششیں کرنا ہونگی ۔ چیئر مین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں خصوصاً چاغی اور اس سے ملحقہ علاقہ جات میں پانی کے ذخائر اور خاص طور پر زیر زمین پانی ناپید ہوتا جارہا ہے اور اس سلسلے میں بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے اور حکومتی سرپرستی میں ایسے منصوبے شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے جس سے زیر زمین پانی کی سطح کو بلند کیا جا سکے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جہاں پانی کے ذخائر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے وہاں عوامی سطح پر بھی شعور اجاگر کیا جائے تاکہ پانی کے منصفانہ استعمال کے ذریعے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی سطح پر اکثر ممالک کو ایسی صورتحال درپیش رہی ہے لیکن عملی اقدامات ، ٹھوس پالیسی سازی اور بہتر رابطہ کاری کے ذریعے اس مسئلے پر قابو پایا گیا ہے اور ہم ان ملکوں کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں ۔

تعارف: عارف محمود

جواب دیجئے