بنیادی صفحہ / تعلیم و صحت / ایچ ای سی ، سومالیہ کی وزارت اعلیٰ تعلیم کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

ایچ ای سی ، سومالیہ کی وزارت اعلیٰ تعلیم کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد(خبر نگار) اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی)، پاکستان اور سومالیہ کی وزارت برائے تعلیم ، ثقافت اور اعلٰی تعلیم نے اعلٰی تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرلیے ہیں۔ ایچ ای سی کی جانب سے چےئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد جبکہ سومالیہ کی جانب سے وزیر تعلیم، ثقافت اور اعلٰی تعلیم عبدی داہر عثمان نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق دونوں فریقین نے اتفاق کیا ہے کہ وہ تعاون کے نوعیت کو واضح کر کے مستقبل کے معاہدات کے لئے رہنما اصولوں کا تعین کریں گے۔ دونوں فریقین کے درمیان تعاون کے شعبہ جات میں سومالیہ کے اعلٰی تعلیمی شعبے کے استعداد کار میں اضافہ ، سومالیہ میں اعلٰی تعلیمی ادارے کے قیام، سومالیہ میں معیار تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات، اور اسکالرز اور فیکلٹی کے ساتھ باہمی معاونت کا فروغ شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ایچ ای سی پاکستان میں اعلٰی تعلیم کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی نے پندرہ سال پر مشتمل مختصر عرصے میں اعلیٰ تعلیم ، تحقیق، اور اعلٰی تعلیم تک یکساں رسائی کے حوالے سے قابلِ ستائش اقدامات اٹھائے۔ جس کی وجہ سے اعلٰی تعلیمی شعبے کو بین الاقوامی طور پر بھی مانا جانے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کو ابھی بہت آگے جانا ہے اور اس سفر کے لئے ایچ ای سی پُرعزم ہے۔ انہوں نے سومالیہ کے ساتھ تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیا کے ممالک نے ایچ ای سی کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور آج ایچ ای سی اس پوزیشن میں آچکا ہے کہ اپنی خدمات سے دنیاکے ممالک کو بھی مستفید کر سکے۔ ایچ ای سی کے تعاون کو سراہتے ہوئے عبدی داہر عثمان نے کہا کہ سومالیہ ایچ ای سی کے ساتھ تعلیمی شعبے میں تعاون کے فروغ پر فخر کرتا ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ تعاون دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

تعارف: عارف محمود

جواب دیجئے